یہ اخلاصِ گراں مایا بہت ہے
تم آئے، دل کو چین آیا بہت ہے
غمِ دل کو بہت راس آئے ہیں ہم
غمِ دل ہم کو راس آیا بہت ہے
فریبِ دشمناں ہم کھائیں گے کیا
فریبِ دوستاں کھایا بہت ہے
مبارک تم کو قصر و چترِ شاہی
ہمیں دیوار کا سایا بہت ہے
بہت ہم نے بھی سمجھایا ہے دل کو
ہمیں بھی دل نے سمجھایا بہت ہے
اسی دنیا کو ہم ٹھکرا رہے ہیں
کہ جس نے ہم کو ٹھکرایا بہت ہے
خدا رکھے اسے دل شاد ساحرؔ
کہ اس نے ہم کو تڑپایا بہت ہے