دیر میں کون ہے کعبے میں گزر کس کا ہے
یار کا گھر یہ اگر ہے تو وہ گھر کس کا ہے
تیر پر تیر لگاؤ تمہیں ڈر کس کا ہے
سینہ کس کا ہے مِری جان جگر کس کا ہے
تن درستوں نے قضا کی ہوئے بیمار صحیح
پہلے کیا جانیے دنیا سےسفر کس کا ہے
نام شاعر نہ سہی شعر کا مضموں ہو خوب
پھل سے مطلب ہمیں کیا کام شجر کس کا ہے
تو ہی یاں رہنے کو آیا ہے نہ میں او غافل
جو ہے دنیا میں مسافر ہے یہ گھر کس کا ہے