من بیوراگی تن انوراگی ، قدم قدم دشواری ہے
جیون جینا سہل نہ جانو ، بہت بڑی فنکاری ہے
اوروں جیسے ہو کر بھی ہم باعزت ہیں بستی میں
کچھ لوگوں کا سیدھا پن ہے، کچھ اپنی عیاری ہے
جب جب موسم جھوما ہم نے، کپڑے پھاڑے شور کیا
ہر موسم شائستہ رہنا ، کوری دنیا داری ہے
اب نہیں ہے اس میں کوئی لال پری نہ پھول کلی
یہ نہ پوچھو وہ اچھا ہے ، یا اچھی نا داری ہے
جو چہرہ دیکھا وہ توڑا ، نگر نگر ویران گئے
پہلے اوروں سے ناخوش تھے ، اب خود سے بے زاری ہے