مجھے دل کی خطا پر یاس شرمانہ نہیں آتا (یاس یگانہ چنگیزی)

مجھے دل کی خطا پر یاس شرمانہ نہیں آتا

پرایا جرم اپنے نام لکھوانا نہیں آتا

برا ہو پائے سرکش کا کہ تھک جانا نہیں آتا

کبھی گمراہ ہو کر راہ پر آنا نہیں آتا

مجھے اے نا خدا آخر کسی کو منہ دکھانا ہے

بہانہ کر کے پار اتر جانا نہیں آتا

مصیبت کا پہاڑ آخر کسی دن کٹ ہی جائے گا

مجھے سر مار کر تیشے سے مر جانا نہیں آتا

اسیرو! شوقِ آزادی مجھے بھی گدگداتا ہے

مگر چادر سے باہر پاؤں پھیلانا نہیں آتا

دلِ بے حوصلہ ہے اک ذرا سی ٹھیس کا مہماں

وہ آنسو کیا پئےگا جس کو غم کھانا نہیں آتا

سراپا راز ہوں میں کیا بتاؤں کون ہوں کیا ہوں

سمجھتا ہوں مگر دنیا کو سمجھانا نہیں آتا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *