شیریں لبوں میں خلد کا مفہوم بے نقاب (عبد الحمید عدم)

شیریں لبوں میں خلد کا مفہوم بے نقاب

زلفوں میں جھومتی ہوئی موجِ جنوں نواز

موجِ جنوں نواز میں طوفانِ بے خودی

طوفانِ بے خودی میں تمناؤں کا گداز

باتوں میں لہلہاتی ہوئی جام کی کھنک

اور جام کی کھنک میں بہاروں کے برگ و ساز

اعضا میں لوچ،باتوں میں رس،دل میں مستیاں

آنکھوں میں نور، نور میں رنگینئ مجاز

رنگینئ مجاز میں گہری حقیقتیں—-!!!

گہری حقیقتوں میں بہت ہی عمیق راز

رازوں میں میرے شعر کا سرچشمۂ خیال

وہ ہیں، عدم ! کہ ایک صنم خانۂ خیال

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *