نظر نظر بیقرار سی ہے نفس نفس میں شرار سا ہے (ساغر صدیقی)

نظر نظر بیقرار سی ہے نفس نفس میں شرار سا ہے​
میں جا نتا ہوں کہ تم نہ آؤگے پھر بھی کچھ انتظار سا ہے​

مرے عزیزو! میرے رفیقو! چلو کوئی داستان چھیڑو​
غم زمانہ کی بات چھوڑو یہ غم تو اب سازگار سا ہے​

وہی فسر دہ سا رنگ محفل وہی ترا ایک عام جلوہ​
مری نگاہوں میں بار سا تھا مری نگا ہوں میں بار سا ہے​

کبھی تو آؤ ! کبھی تو بیٹھو! کبھی تو دیکھو! کبھی تو پوچھو​
تمہاری بستی میں ہم فقیروں کا حال کیوں سوگوار سا ہے​

چلو کہ جشن بہار دیکھیں چلو کہ ظرف بہار جا نچیں​
چمن چمن روشنی ہوئی ہے کلی کلی پہ نکھار سا ہے​

یہ زلف بر دوش کون آیا یہ کس کی آہٹ سے گل کھلے ہیں​
مہک رہی ہے فضائے ہستی تمام عالم بہار سا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *