سب توڑ کے بندھن دنیا کے میں پیار کی جوت جگاؤں گی (شبنم شکیل)

سب توڑ کے بندھن دنیا کے میں پیار کی جوت جگاؤں گی

اب مایا جال سے نکلوں گی اور جوگنیا کہلاؤں گی

تم نے اس پریم کی کٹیا کو پل بھر میں جلا کر راکھ کیا

اب میری چتا تیار کرو میں ساتھ ستی ہو جاؤں گی

یہ دنیا تو بھن ناری ہے ہنس ہنس کے سب سے کہتی ہے

تم سونے کے بَن کر آؤ میں جے مالا پہناؤں گی

تن من دھن پریم کے مندر پر میں وار کے باہر بیٹھی ہوں

اک سانس کی ڈور اٹکی ہے اب اس کی بھینٹ چڑھاؤں گی

      اک مورکھ سے بیوپاری نے بِن مول مِرا مَن بیچ دیا

 میں نگری نگری گھوموں گی اور پریم کا مول چُکاؤں گی

نینوں کا کجرا بھیگ گیا بینی کا گجرا ٹوٹ گیا

اب  بھور بھئے گھر آیا بھی تو بَن کر میں سو جاؤں گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *