ہر سانس ہے شرحِ ناکامی پھر عشق کو رسوا کون کرے (دل شاہجہاں پوری)

ہر سانس ہے شرحِ ناکامی پھر عشق کو رسوا کون کرے
تکمیلِ وفا ہے مٹ جانا ، جینے کی تمنا کون کرے

جو غافل تھے ہُشیار ہوئے جو سوتے تھے بیدار ہوئے
جس قوم کی فطرت مردہ ہو اس قوم کو زندہ کون کرے

ہر صبح کٹی ہر شام کٹی ، بیداد سہی افتاد سہی
انجامِ محبت جب یہ ہے، اس جنس کا سودا کون کرے

حیراں ہیں نگاہیں دل بیخود محجوب ہے حسنِ بے پروا
اب عرضِ تمنا کس سے ہو؟ اب عرضِ تمنا کون کرے؟

فطرت ہے ازل سے پابندی کچھ قدر نہیں آزادی کی
نظروں میں ہے دلکش زنجیریں رخ جانبِ صحرا کون کرے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *