زمانے کے سب موسموں سے نرالے (امجد اسلام امجد)

محبت کے موسم

زمانے کے سب موسموں سے نرالے

بہار و خزاں ان کی سب سے جدا

الگ ان کا سوکھا ، الگ ہے گھٹا

محبت کے خطے کی آب و ہوا

ماوراء ، ان عناصر سے جو

موسموں کے تغیر کی بنیاد ہیں

یہ زمان و مکاں کے کم و بیش سے

ایسے آزاد ہیں

جیسے صبحِ ازل——- جیسے شامِ فنا

شب و روزِ عالم کے احکام کو

یہ محبت کے موسم نہیں مانتے!

زندگی کی مسافت کے انجام کو

یہ محبت کے موسم نہیں مانتے!

رفاقت کی خوشبو سے خالی ہو جو

یہ کوئی ایسا منظر نہیں دیکھتے

وفا کے علاوہ کِسی کام کو

!یہ محبت کے موسم نہیں مانتے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *