جنونِ بے سروساماں کی بات کون کرے (قابل اجمیری)

جنونِ بے سروساماں کی بات کون کرے

خزاں نہ ہو تو بیاباں کی بات کون کرے

گلاب و نرگس و ریحاں کی بات کون کرے

جو تم ملو تو گلستاں کی بات کون کرے

مرے جنوں کا تماشہ تو سب نے دیکھ لیا

تری نگاہِ پشیماں کی بات کون کرے

ہمیں تو رونقِ زنداں بنا دیا تم نے

چمن میں صبحِ بہاراں کی بات کون کرے

وہ بزم جس میں ترستے ہیں لب ہنسی کے لئے

وہاں نشاطِ دل وجاں کی بات کون کرے

شبِ فراق کی ظلمت دلوں تک آ پہنچی

فروغِ جلوۃ جاناں کی بات کون کرے

غمِ حیات نے چھلکا دیئے ہیں پیمانے

سرورِ چشمِ غزالاں کی بات کون کرے

دلِ تباہ کا عالم کسی کو کیا معلوم

تری نوازش پنہاں کی بات کون کرے

زمانہ کھیل رہا ہے تمہاری زلفوں سے

ہمارے حالِ پریشاں کی بات کون کرے

کسی کو رنگ سے مطلب کسی کو خوشبو سے

گلوں کے چاک گریباں کی بات کون کرے

کریں نہ جرات رندانہ ہم اگر قابل

شکستِ گردشِ دوراں کی بات کون کرے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *