مرے جذبِ دل کا اثر دیکھ لینا (جلیل مانک پوری)

مرے جذبِ دل کا اثر دیکھ لینا

تم آؤگے تھامے جگر دیکھ لینا

نشانہ بناؤ گے تم کیا عدو کو

ہمیں ہوں گے مدِ نظر دیکھ لینا

دکھانا مرا نامئہ شوق قاصد

مگر پہلے ان کی نظر دیکھ لینا

مزے لیں گے ہم دیکھ کر تیری آنکھیں

اُنہیں خوب تُو نامہ بر دیکھ لینا

کسی کو جلا کر نہ اے شمع خوش ہو

جو کچھ ہو گا وقتِ سحر دیکھ لینا

جو فرصت ملے آئینہ دیکھنے سے

مرا حال بھی اک نظر دیکھ لینا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *