میں کسی شخص سے بیزار نہیں ہو سکتا (احمد ندیم قاسمی)

میں کسی شخص سے بیزار نہیں ہو سکتا

ایک ذرہ بھی تو بے کار نہیں ہو سکتا

اس قدر پیار ہے انساں کی خطاؤں سے مجھے

کہ فرشتہ مِرا معیار نہیں ہو سکتا

سرِ دیوار یہ کیوں نرخ کی تکرار ہوئی

گھر کا آنگن کبھی بازار نہیں ہو سکتا

اے حقیقت کو فقط خواب سمجھنے والے

تو کبھی صاحبِ اسرار نہیں ہو سکتا

وہ جو شعروں میں ہے اک شے پسِ الفاظ ندۤیم

اس کا الفاظ میں اظہار نہیں ہو سکتا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *