کیوں ہجر کے شکوے کرتا ہے (حفیظ جالندھری)

کیوں ہجر کے شکوے کرتا ہے کیوں درد کے رونے روتا ہے

اب عشق کیا تو صبر بھی کر اس میں تو یہی کچھ ہوتا ہے

آغازِ مصیبت ہوتا ہے اپنے ہی دل کی شامت سے

آنکھوں میں پھول کھلاتا ہے تلووں میں کانٹے چبھوتا ہے

احباب کا شکوہ کیا کیجئے خود ظاہر و باطن ایک نہیں

لب اوپر اوپر ہنستے ہیں دل اندر اندر روتا ہے

ملاحوں کو الزام نہ دو تم ساحل والے کیا جانو

یہ طوفاں کون اٹھاتا یہ کشتی کون ڈبوتا ہے

کیا جانئے یہ کیا کھوئے گا کیا جانئے یہ کیا پائے گا

مندر کا پجاری جاگتا ہے مسجد کا نمازی سوتا ہے

خیرات کی جنت ٹھکرا دی ہے شان یہی خودداری کی

جنت سے نکالا تھا جس کو تو اس آدم کا پوتا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *