او دل توڑ کے جانے والے دل کی بات بتاتا جا(حفیظ جالندھری)

                    او دل توڑ کے جانے والے دل کی بات بتاتا جا                  

اب میں دل کو کیا سمجھاؤں مجھ کو بھی سمجھاتا جا

میری چپ رہنے کی عادت جس کارن بدنام ہوئی

اب وہ حکایت عام ہوئی ہے سنتا جا شرماتا جا

یہ دکھ درد کی برکھا بندے دین ہے تیرے داتا کی

شکرِ نعمت بھی کرتا جا دامن بھی پھیلاتا جا

جینے کا ارماں کروں یا مرنے کا سامان کروں

عشق میں کیا ہوتا ہے ناصح عقل کی بات بتاتا جا

آخر تجھ کو بھی موت آئی، خیر، حفیظ خدا حافظ

لیکن جاتے جاتے پیارے وجہِ مرگ بتاتا جا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *