مطلب معاملات کا کچھ پا گیا ہوں میں (عبدالحمید عدم)

مطلب معاملات کا کچھ پا گیا ہوں میں

ہنس کر فریبِ چشمِ کرم کھا گیا ہوں میں

 

ساقی ذرا نگاہ ملا کر تو دیکھنا

کمبخت ہوش میں تو نہیں آگیا ہوں میں

 

شاید مجھے نکال کے پچھتارہے ہوں آپ

محفل میں اس خیال سے پھر آگیا ہوں میں

 

کیا اب حساب بھی تُو مِرا لے گا حشر میں

کیا یہ عتاب کم ہے یہاں آگیا ہوں میں

 

نکلا تھا مے کدے سے کہ اب گھر چلوں عدم

گھبرا کے سوئے مےکدہ پھر آگیا ہوں میں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *