مجھ سے ملنا تو کسی ڈھب انہیں منظور نہیں (نظام رامپوری)

مجھ سے ملنا تو کسی ڈھب انہیں منظور نہیں

ہے یہی شکر کہ یہ بات بھی مشہور نہیں

گاہے گاہے بھی یہ ملنا ہے غنیمت اس کا

حُسن پر اپنے  وہ ایسا بھی مغرور نہیں

مجھ سے ہاں آپ کو الفت ہے سمجھتا ہوں میں

کچھ میں نادان نہیں ، عقل سے معذور نہیں

کبھی کچھ کہنے کو ہوتا ہوں تو کہتے ہیں وہ بس

تمہیں منظور ہے جو ، وہ مجھے منظور نہیں

کیا شکایت کی جگہ پھر جو کہے ہنس کے وہ شوخ

ہر کسی کا تو ستانا مِرا دستور نہیں

انہیں بے رحم سمجھ کر نہ ہو مایوس نظام

ابھی وہ پاس بلائیں مجھے کچھ دور نہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *