پریشاں رات ساری ہے ستارو تم تو سو جاؤ (قتیل شفائی)

پریشاں رات ساری ہے ستارو تم تو سو جاؤ

سکوتِ مرگ طاری ہے ستارو  تم تو سو جاؤ

ہنسو اور ہنستے ہنستے ڈوب جاؤ خلاؤں میں

ہمیں پہ رات بھاری ہے ستارو تم تو سو جاؤ

ہمیں تو آج کی شب پو پھٹے تک جاگنا ہو گا

یہی قسمت ہماری ہے، ستارو تم تو سو جاؤ

تمہیں کیا آج بھی کوئی اگر ملنے نہیں آیا

یہ بازی ہم نے ہاری ہے ستارو تم تو سو جاؤ

ہمیں بھی نیند آجائے گی ہم بھی سو ہی جائیں گے

ابھی کچھ  بےقراری ہے ستارو تم تو سو جاؤ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *