ہم نے تم کو پیار کیا ہے (عبدالحمید عدم)

ہم نے تم کو پیار کیا ہے

اور دیوانہ وار کیا ہے

پروانہ نے جل کر شاید

اُلفت کا اظہار کیا ہے

توڑ دیا ہے ساغر میرا

یہ کیا تم نے یار کیا ہے

کیوں ہم سے ناراض ہو اتنے

کیا ہم نے سرکار کیا ہے

کیوں کرتے ہو قطع تعلق

کس نے یہ اصرار کیا ہے

دل بھی حاضر جاں بھی حاضر

کب ہم نے انکار کیا ہے

آپ نے میرے دل میں بس کر

جنگل کو گلزار کیا ہے

تم کو ہی کل دکھ یہ ہو گا

کیوں مجھ کو بیمار کیا ہے

آج عدم پھر توڑ کے توبہ

شیشے کو گلنار کیا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *